نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے سفیر عبداللہ المعلمی نے کہا ہے کہ خلیجی ریاست قطر کو بائیکاٹ کرنے والے چارعرب ممالک کی طرف سے پیش کردہ تمام مطالبات پورے کرنا ہوں گے۔قطر کے سامنے تعلقات کی بحالی کے لیے پیش کیے گئے مطالبات میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔عرب ٹی وی سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ سعودی عرب قطر کو پیش کیے گئے مطالبات سے دست بردار نہیں ہوگا۔
المعلمی نے مزید کہا کہ قطر کو چار عرب ملکوں کے مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔ انہوں نے الزام عاید کیا کہ قطر کو باہر سے مدد مل رہی ہے اور وہ بیرونی امداد سے تقویت پکڑ رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں سعودی سفیر نے کہا کہ قطر کا محاصرہ نہیں صرف سفارتی بائیکات کیا گیا ہے۔ اگر قطر کی طرف سے مطالبات پورے نہیں کیے جاتے تو بائیکاٹ کرنے والے ممالک اس معاملے کو سلامتی کونسل میں لے جاسکتے ہیں۔