ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی وزارت سیاحت قومی ورثہ اتھارٹی نے غیر ملکی باشندوں کو ویزے جاری کرنے کی باضابطہ طور پر منظوری دے دی۔ پیش آئند ایام میں وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کی طرف سے بھی اس کی منظوری دے دی جائے گی۔عرب ٹی وی کے مطابق وزارت سیاحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں سیر وسیاحت کی غرض سے آنے کے خواہش مند
غیرملکیوں کو مخصوص زمانی اور مکانی شیڈول کے مطابق سیاحتی ویزے جاری کیے جانے کی منظوری دی گئی ہے خیال رہے کہ سعودی عرب میں غیرملکیوں کے لیے الگ سے سیاحتی ویزوں کا اجراء قومی اقتصادی تبدیلی کے پروگرام 2020ء کا حصہ ہے، جس کا مقصد قومی ثقافتی ورثے کو اقتصادی فواید اور قومی آمدن میں اضافے کے لیے استعمال کرنا ہے۔سعودی عرب میں اقتصادی ترقی کے پروگرام 2020ء کے تحت ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے الگ سے سیاحتی ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس پر اب عمل درآمد شروع کیا جا رہا ہے۔