بیجنگ/نئی دہلی/لندن(این این آئی)چین، ترکی، برطانیہ اور بھارت میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ بارش اور سیلاب نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے برازیل کے جنوبی حصوں، چلی، ارجنٹائنا اور یوراگوئے میں موسم شدید سرد ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چین، ترکی، برطانیہ اور بھارت میں شدید بارشیں ہوئیں۔ موسلا دھار بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ بارش اور سیلاب نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔
استنبول میں سیلابی ریلے میں بھاری بھرکم اشیا اور موٹر سائیکلیں بھی بہہ گئیں جبکہ گاڑیوں کا چلنا بھی محال ہوگیا۔ادھر برطانوی علاقے کارن وال میں بارشوں کے باعث سیلابی ریلا گھروں میں داخل ہو گیا۔ ریسکیو عملے نے سیلابی ریلے میں پھنسے 2 افراد کو بچا لیا۔دوسری طرف بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں میں جاری 3 روزہ طوفان نے تباہی مچا دی ہے۔چلی، ارجنٹینا اور یوراگوئے میں بھی موسم انتہائی سرد ہے۔ ارجنٹینا میں جولائی میں سردی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔