واشنگٹن( آن لائن ) ایری زونا سے تعلق رکھنے والے امریکا کے بااثر سینیٹر جان مک کین کو موذی مرض نے گھیر لیا ہے۔ ڈاکٹروں نے سینیٹر کے ٹیسٹ کئے ہیں جس میں واضح ہو گیا ہے کہ جان مک کین کو گلائیو بلاسٹوما لاحق ہے۔ بائیں آنکھ کے اوپر جمع خون صاف کرنے کیلئے مک کین کی پچھلے ہفتے سرجری کی گئی تھی۔ امریکی اخبار کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ
سینیٹر مک کین کا کیمو تھراپی اور ریڈی ایشن کی مدد سے علاج ہو گا اور فی الحال ان کی طبیعت بہتر ہے۔ یاد رہے گزشتہ دنوں سینیٹر جان مک کین کی قیادت میں امریکی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اپنے دورے کے دوران وفد نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا تھا۔