نئی دہلی(آئی این پی)بھارت نے چینی فوج کی جانب سے مسلح مشقوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ہتھیاروں کے عالمی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیدیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق حکام نے چینی فوج کی جانب سے مسلح مشقوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے ۔بھارتی حکام نے اسے ہتھیاروں کے عالمی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔چینی فوج نے اروناچل پردیش کی سرحد سے متصل تبت میں فوجی مشقیں کی ہیں
جس میں اصلی گولہ بارود کا استعمال کیا گیا ہے۔ ان مشقوں میں تیزی سے نقل و حرکت اور دشمنوں کے جہازوں کو تباہ کرنے کی تیاریاں کی گئی ہیں۔بھارتی حکام نے ان مشقوں پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشیدگی کو ہوا نہ دی جائے۔ بھارتی پارلیمنٹ کے اجلاس میں سکم سے متصل سرحد پر چین کے ساتھ کشیدگی پر بھی بحث کی گئی۔ بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے چین کے معاملے حکومت کو تجویز دی کہ کسی بھی صورت میں جنگ جیسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔