انقرہ (این این آئی) ترکی میں ایوانِ صدارت نے اعلان کیا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوآن 23 اور 24 جولائی کو سعودی عرب ، کویت اور قطر کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک ایوان صدارت سے جاری ایک بیان میں کہاگیاکہ ترکی کے صدر کا یہ دورہ خطے میں قطر کے بحران سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں ہے۔
سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر قطر کے بحران کے حوالے سے ترکی کے موقف کو جانب دارقرار دے چکے ہیں۔عرب اور اسلامی ممالک نے گزشتہ ماہ دوحہ کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔ اس اقدام کا سبب قطر پر دہشت گرد جماعتوں کی فنڈنگ اور ایران کے ساتھ اس کے اتحاد سے متعلق الزامات ہیں جن کے نتیجے میں خلیج اور پورے خطے کے امن کو خطرے کا سامنا ہے۔انقرہ نے قطر میں فوجی اڈہ قائم کرنے یا دوحہ بھیجے جانے والے فوجیوں کو واپس بلانے کے فیصلے سے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا تھا۔