واشنگٹن(این این آئی)شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر نظررکھنے والے ایک امریکی تھنک ٹینک 38نارتھ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے مرکزی جوہری علاقے کی تھرمل تصویروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر شمالی کوریانے اس سے کہیں زیادہ مقدار میں پلوٹونیم بنا لیا ہے جتنا کہ اس سے پہلے خیال کیا گیا تھا۔جسے وہ اپنے جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ بڑھانے کے لیے استعمال کرسکتا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام پر نظررکھنے والے
ایک امریکی تھنک ٹینک 38نارتھ نے کہا کہ یانگ بیان میں قائم جوہری ریڈیو کیمیکل لیبارٹری کی ستمبر سے جون کے آخر تک سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والی تصویروں نے شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل پروگرام سے متعلق بین الاقوامی کمیونٹی کے خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔تھنک ٹینک نے کہاکہ ان تصاویر سے یانگ بیان کی یورنیم افزودہ کرنے کی لیبارٹری سے یہ نشاندہی بھی ہوتی ہے کہ افزدوہ یورنیم کے اسٹاک میں اضافے کے لیے سینٹرفیوجز بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ جو جوہری بم بنانے کا ایک اور ذریعہ ہے۔