تہران (این این آئی) ایران نے امریکا کی 9 کمپنیوں اور شخصیات پر اقتصادی پابندیاں عائد کردیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اتوار کو جاری کیے گئے ایک بیان میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایاکہ ان کمپنیوں کے اثاثے بھی منجمد کیے جاسکتے ہیں۔ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہاکہ امریکا پر نئی اقتصادی پابندیوں کی فہرست جاری کردی گئی ہے اور فہرست میں مزید 9 کمپنیوں، اداروں اور شخصیات
کے نام شامل کیے گئے ہیں،ایرانی قانون کے مطابق ایران میں موجود ان کمپنیوں، شخصیات اور اداروں کے اثاثے منجمد کیے جاسکتے ہیں اور ان کے ملازمین کے تہران آنے پر بھی پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔ٹرمپ انتظامیہ نے رواں سال فروری میں ایران کے میزائل تجربے پر تہران کی 24 کمپنیوں، اداروں اور شخصیات پر اقتصادی پابندیاں عائد کر کے ان کے اثاثے منجمد کردیئے تھے۔ ایران نے مارچ میں جوابی پابندیوں کا اعلان کیا تھا لیکن کمپنیوں کے نام آج اعلان کیے گئے۔