تہران(آئی این پی) ایران نے تیز ترین بحری میزائل کا تجربہ کرلیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کے دفاعی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں تارپیڈو میزائل کا تجربہ کیا ہے اور یہ میزائل 250میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 6 میل تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ابھی اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے کہ ایرانی میزائل کا تجربہ کامیاب رہا ہے کہ نہیں .
امریکی دفاعی حکام کی طرف سے ایرانی میزائل کے تجربے پر سخت ردعمل کا اظہار کیاگیاہے اور اسے خطے میں اشتعال انگیزی پھیلانے کے مترادف قراردیا ہے۔یاد رہے کہ امریکہ کی جانب سے ایران پر بیلسٹک میزائل تجربے کے بعد مختلف قسم کی پابندیاں لگا دی گئیں تھی۔ایرانی کے وزیرخارجہ نے 20 فروری2017 کو امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ دھمکیاں دینا بند کرے اور ایران ایسی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں ہے۔