نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی وزیر گوپال بھرگاوا نے اجتماعی شادی کی تقریب میں شرابی شوہروں کو سبق سکھانے کے لیے 700 دلہنوں کو لکڑی کا بلا تحفے میں دے دیا، دلہنیں بلے سیشرابی شوہر سے نمٹ سکیں گی ۔ بھارت میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی حکومت کی جانب سے اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کی گئی جس میں 700 بھارتی جوڑوں کی شادی کی گئی جب کہ
تقریب میں ریاستی وزرا سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ بھارتی وزیر گوپال بھرگاوا نے 700 دلہنوں کو لکڑی کا بیٹ (جو عموما گھروں میں کپڑے دھونے میں استعمال ہوتا ہے) تحفے میں دیا تاکہ وہ ایسے شوہروں سے نمٹ سکیں جو شراب کے عادی ہیں جب کہ بیٹ پر لکھا گیا تھا یہ شرابیوں کو سبق سکھانے کے لیے ہے اور پولیس اس معاملے میں مداخلت نہیں کرے گی۔اپنے انٹرویو میں بھارتی وزیر کا کہنا تھا کہ بیٹ کا تحفہ دینے کا اصل مقصد دیہی علاقوں کی خواتین کی حالت زار پر توجہ دلانا تھا جو اپنے شرابی شوہروں کے گھریلو تشدد سے پریشان ہیں جب کہ اکثر ان کی طرف سے یہ شکایات سامنے آتی ہیں کہ ان کے شوہر شراب پینے کے بعد ان پر تشدد کرتے ہیں اور جو تھوڑا بہت پیسہ وہ کماتی ہیں وہ بھی چھین کر شراب نوشی میں اڑا دیتے ہیں۔بھارتی وزیر نے تمام دلہنوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے اپنے شرابی شوہروں کو منانے کی کوشش کریں مگر ان کی جانب سے انکار پر زبان کے بجائے لکڑی کے اس بیٹ سے بات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دلہنوں کو یہ بیٹ دینے کا ہرگز یہ مقصد نہیں کہ میں انہیں تشدد کرنے پر اکسا رہا ہوں بلکہ اس کا مقصد خواتین پر ہونے والے تشدد کو روکنا ہے۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کئی بھارتی ریاستوں نے شراب نوشی کے خلاف کریک ڈان شروع کررکھا ہے اور وہ مختلف طریقوں سے شراب پر پابندی عائد کررہی ہیں۔