ٹوکیو(آئی این پی )جاپان اپنا سب سے بڑا جنگی جہاز مئی میں جنوبی بحیرہ چین میں بھیجے گا ، یہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سب سے بڑی بحری فوج کی نمائش ہوگی ۔ چین کادعویٰ ہے کہ تمام متنازعہ سمندری علاقہ اس کا ہے جبکہ جاپان اور مغربی ممالک کو جنوبی بحیرہ چین میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی موجودگی پر بہت سے تحفظات ہیں ۔اس لئے وہ امریکہ کے ساتھ سمندری آزادی کو یقینی بنانے کیلئے ہوائی پروازیں اور
بحری مشقیں کرتے رہتے ہیں ۔ ازومو ہیلی کاپٹر کا جہاز جو کہ صرف دو سال قبل جاپان کے بحری بیٹرے میں شامل ہوا کا بحری بیڑہ مئی میں جنوبی بحیرہ چین میں جائے گا اور اگست میں اس کی واپسی ہوگی ۔ ذرائع کے مطابق ان بحری بیٹرے کو بھیجنے کا مقصد صرف ازمو ہیلی کاپٹر کی کارکردگی کو جانچنا ہے جبکہ جاپان کے میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے ترجمان نے اس پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔