اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تازہ ترین میڈیا رپورٹس کے مطابق جلیل القدر نبی سیدنا حضرت یوسفؑ کی مزار اقدس کا تقدس پامال کرتے ہوئے مزار شریف پر دھاوا بولا ہے۔ گزشتہ روز یہودی شرپسندوں کے ایک ہجوم نے حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار پر دھاوا بولا اور تلمودی تعلیمات کی روشنی میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو سینکڑوں یہودی شرپسند اسرائیلی فوج کی فول پروف سکیورٹی میں یوسف علیہ السلام کے مزار میں داخل ہوئے اور عبادت کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے گھر گھر تلاشی کے دوران توڑ پھوڑ کی گئی اور شہریوں کو زدوکوب بھی کیا گیا۔ اس موقع پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ یہودی آباد کار حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار پر دھاوے سے قبل حوارہ چوکی پر جمع ہوئے۔ اس کے بعد بیت فوریک اور شاہراہ الحسبہ سے ہوتے ہوئے بسوں کے ذریعے حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار پر پہنچے۔ مقامی شہر اسامہ جمال نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے بلاطہ پناہ گزین کیمپ کے تمام گھروں پر چھاپے مارے اور گھروں میں موجود خواتین اور بچوں کو زدوکوب کرنے کے ساتھ گھروں میں قیمتی سامان کی بھی توڑ پھوڑ کی۔ اس موقع پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔واضح رہے کہ یہودیوں کی جانب سے مسلمانوں کے مقدس مقامات کی بے حرمتی کا سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے ۔ فلسطین میں مسلمانوں ، عیسائیوں اور یہودیوں کے مقدس مقام مسجد اقصٰی میں بھی یہودی شرانگیزیاں بڑھتی جا رہی ہیں ۔