اسٹاک ہوم (آئی این پی)ٹوائلٹس جیسی بنیادی سہولیات سے محروم بھارت اسلحہ خریداری میں سب سے آگے نکل گیا،جس ملک میں لاکھوں افراد بھوکے سونے پر مجبور ہیں وہ اسلحہ کی خریداری پر اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سویڈن کے تھنک ٹینک نے رپورٹ میں کہا ہے کہ 1990 سے عالمی سطح پر اسلحہ کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہواہے اور بھارت پہلے نمبر پر رہا ہے۔ سویڈش پیس انسٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق 2012سے 2016 تک بھارت نے دنیا کے مجموعی اسلحے کی فروخت کا 13 فیصد حصہ خریدا۔
سویڈش پیس انسٹی ٹیوٹ کے مطابق اپنے فوجیوں کو پیٹ بھر کر کھانا نہ کھلا سکنے والے بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی اسلحہ اور دیگر جنگی ساز و سامان کی خریداری کیلئے 250ارب ڈالر خرچ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ میک ان انڈیا مہم کے تحت سویڈن اور امریکی کمپنیوں کو اسلحے کے کارخانے بھارت میں لگانے کی پیشکش کی گئی ہے۔ سویڈن کی کمپنی صاب اور امریکی طیارہ ساز کمپنیاں بھارت میں کارخانے لگانے اور اسلحہ و ہتھیاروں کی پیداوار پر آمادگی کا اعلان کرچکی ہیں۔