طرابلس(آئی این پی)لیبیا کے لیڈرقذافی کے خلاف بغاوت اور ان کے قتل کے بعد لیبیا بدترین حالات کا شکار ہے اور اب لیبیا میں تعینات جرمن سفارت کاروں نے اس شمالی افریقی ملک میں قائم مہاجرین کے کیمپوں کو جہنم کا نمونہ قرار دیدیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیبیا میں تعینات جرمن سفارت کاروں نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسانوں کے اسمگلروں کی طرف سے اس شمالی افریقی ملک میں مہاجرین کو تشدد اور عصمت دری کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
ان سفارت کاروں کے مطابق جو مہاجرین رقوم ادا کرنے کے اہل نہیں ہوتے، انہیں حراستی کیمپوں جیسی نجی جیلوں میں رکھا جاتا ہے اور ان سے انتہائی خوفناک سلوک کیا جاتا ہے۔ انہی جرمن سفارت کاروں نے وفاقی چانسلر میرکل کے لیے ایک رپورٹ بھی تیار کی ہے، تاکہ اس حوالے سے معلومات دنیا کے سامنے لائی جا سکیں۔