واشنگٹن (آئی این پی)امریکہ نے ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں بدستور موجود ہیں جنھیں ختم کرنے کی ضرورت ہے ، پاکستان افغانستان پر حملے کرنے والے دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہیں نہ دے ،دہشتگردی کے خلاف مل کر کا م کرنے کی ضرورت ہے جو خطے کی بہتری کیلئے ضروری ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے افغان حکام کی جانب سے افغانستا ن میں حملوں کیلئے پاکستانی سرزمین کو استعمال کرنے کے خدشات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے حوالے سے مسئلہ اب بھی برقرار ہے
۔انکا کہنا تھاکہ ہم عوامی سطح پر یہ بات کہتے ہیں کہ پاکستان دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کرے جو افغانستان پر حملوں کیلئے اسکی سرزمین استعمال کرتے ہیں۔مارک ٹونر کا مزید کہنا تھاکہ دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہیں نہ دینے سے متعلق کچھ اقدامات اٹھائے گئے ہیں پیش رفت ہوئی ہے تاہم واضح طور پر مسئلہ برقرار ہے اور یہ سب ہماری پاکستان کے ساتھ بات چیت کا حصہ ہے ۔ ہم انکی مدد کرنے کو تیار ہیں۔انکا کہنا تھاکہ دہشتگردی کے خلاف مل کر کا م کرنے کی ضرورت ہے اور یہ خطے کی بہتری کیلئے ضروری ہے ۔