قاہرہ(این این آئی)مصری حکام نے بحر احمر کے راستے مصر کی حدود میں داخل ہونے والے ایک ایرانی بحری جہاز کو پکڑلیا جو منشیات لے کر جا رہا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق مصری فوجی ترجمان محمد سمیرنے کہاکہ ایرانی جہاز کے بارے میں قبل از وقت اطلاع ملنے پر مصری بحریہ نے علاقے میں پہنچ کر ایرانی جہاز کو روک لیا۔ جہاز کی تلاشی لینے پر اس میں سے سفید پاؤڈر کے 319 تھیلے برآمد کر لیے گئے۔ ان تھیلوں کو بیت الخلاء کے فرش کے اندر چھپایا گیا تھا اور ان کا مجموعی وزن تقریبا 171 کلوگرام ہے۔ اس کے علاوہ مختلف برانڈ کے 8 موبائل فون ، ایک سیٹیلائٹ فون ، وائرلیس سیٹ اور نقدی بھی ملی۔جہاز کو قبضے میں لے کر عملے کے 7 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان میں 4 ایرانی ، 2 بھارتی اور ایک پاکستانی شامل ہے۔ متعلقہ حکام کو قانونی کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔مصری سکیورٹی ذرائع کے مطابق ایران جنگوں ، فتنوں اور منشیات کے ذریعے عرب ممالک کے نوجوانوں کو تباہ کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ذریعے نے مزید بتایا کہ ایران منشیات کی تجارت کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔ وہ اس کی اسمگلنگ کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی کو مختلف ممالک میں جنگوں اور اپنے زیر انتظام ملیشیاؤں کی فنڈنگ کے لیے استعمال کرتا ہے۔ واضح رہے کہ یہ پہلا ایرانی بحری جہاز ہے جو مصر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ وہاں منشیات کی اس مقدار کو پھیلا سکے تاہم مصری سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کر کے اسے ناکام بنا دیا۔