لندن(این این آئی)برطانیہ میں پناہ کے متلاشی افغان طالبان کے ایک جنگجوکو گرفتارکرلیاگیا،پولیس نے تحقیقات شروع کردیں،میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان سے فرانس کے ایک مہاجرین کیمپ اور وہاں سے پناہ کے لئے لندن پہنچنے والے ایک 12سالہ لڑکے کو ایک خاتون نے گود لے لیا، لیکن کچھ عرصہ بعد لڑکے کے متعلق انکشاف ہوا کہ لڑکا 12سال کا نہیں بلکہ 21سال کا تھا اورتحریک طالبان کا شدت پسند بھی تھا۔ جمال نامی اس نوجوان نے پناہ کی درخواست میں بتایا تھا کہ اس کے ماں باپ جنگ میں ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد وہ فرار ہو کر یہاں آ گیا۔ خاتون کو اس کی عمر کا اس وقت پتا چلا جب وہ دانت میں تکلیف ہونے پر اسے دندان ساز کے پاس لے کر گئی۔ ڈاکٹر نے معائنے کے بعد انکشاف کیا کہ اس کی عمر 12سال سے کہیں زیادہ ہے، جس پر خاتون ہکا بکا رہ گئی۔ جب جمال کو گرفتار کرکے اس کا فون چیک کیا گیا تو اس میں طالبان کی ویڈیوز اور دیگر ایسا مواد موجود تھا جس سے اس کا طالبان سے تعلق ثابت ہوتا تھا۔