بیجنگ (این این آئی) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے برکس اجلاس کے دوران پاکستان کو دہشتگردوں کا گڑھ قرار دینے کے بعد چین پاکستان کے حق میں کھل کر میدان میں آگیا اور کہا ہے کہ دہشتگردی کو کسی مخصوص ملک ٗنسل یا مذہب سے جوڑنے کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں ٗعالمی برادری کو انسداد دہشتگردی کے سلسلے میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہیے۔ گزشتہ روز چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چون اینگ سے جب مودی کے اس بیان پر تبصرہ مانگا گیا تو انہوں نے کہاکہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور عالمی برادری کو انسداد دہشت گردی کے سلسلے میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہیے۔ایک سوال پر ترجمان نے کہا کہ ہم دہشت گردی کو کسی مخصوص ملک، نسل یا مذہب سے جوڑنے کی بھی مخالفت کرتے ہیں’۔انہوں نے کہاکہ ہر کوئی جانتا ہے کہ پاکستان اور بھارت دہشت گردی کا شکار ہیں ٗپاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کوششیں کی ہیں اور عظیم قربانیاں دی ہیں ٗمیرا خیال ہے کہ عالمی برادری کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔چین اور پاکستان ایک دوسرے کو قریبی دوست تسلیم کرتے ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط سفارتی، معاشی اور سیکیورٹی روابط ہیں۔