اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق صدر پرویز مشرف نے مردان ضلع کچہری میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان حالت جنگ میں ہے اور دشمن نے جنگ کا طریقہ بدل لیا ہے،آل انڈیا ریڈیو سے بلوچی زبان میں نشریات اس کا واضح ثبوت ہے۔جمعہ کو سابق صدر پرویز مشرف نے مردان خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے،جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کیلئے صحت یابی کی دعا کی ہے۔سابق صدر نے کہا کہ پاکستان حالت جنگ میں ہے اور دشمن نے جنگ کا طریقہ بدل لیا ہے،جنگ میں کرائے کے خودکش بمبار استعمال کئے جارہے ہیں اور حکمران دشمن کی پالیسی سمجھ کر حکمت عملی اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ آل انڈیا ریڈیو سے بلوچی زبان میں نشریات اس کا واضح ثبوت ہے،بھارت بلوچستان کو پاکستان سے الگ کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے،حکومت ایسے اقدامات کی جوابی حکمت عملی تیار کرے۔بھارتی چالبازیوں سے نمٹنے کیلئے پاکستانی حکومت کو سخت اور دیر پا لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا۔