ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)گذشتہ برس بھگدڑ مچنے سے سینکڑوں افراد کی ہلاکت کے بعد رواں سال سعودی حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ ماہ دورانِ حج کنکریاں مارنے کے اوقات میں کمی کردی گئی ہے ،سعودی اخباراکے مطابق جمرات پر کنکریاں مارنے کے اوقات کو کم کر کے 12 گھنٹے کر دیا جائے گا۔شیطان کو کنکریاں مارنے کا عمل حسب معمول منیٰ میں 11 ستمبر کو شروع ہو کر تین دن تک جاری رہے گا۔ منٰی کا مقام مکہ کی مسجد الحرام سے تقریباً پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
حج سے متعلق وزارت کا کہنا تھا کہ رواں برس پہلے دن صبح چھ بجے سے لے کر ساڑھے دس بجے تک کنکریاں مارنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ دوسرے دن دوپہر دو بجے سے شام چھ بجے تک جبکہ تیسرے اور آخری دن صبح ساڑھے دس بجے سے لے کر دو بجے تک کنکریاں مارنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزرات کے نائب سیکریٹری حسین الشریف نے بتایا کہ ’اس عمل سے حاجیوں کو کنکریاں مارنے میں آسانی ہوگی اور رش کم ہونے کی وجہ سے بھگدڑ کا خطرہ نہیں رہے گا۔انھوں نے وضاحت نہیں کی کہ نئے اوقاتِ کار سے رش کس طرح کم ہو پائے گا۔