روم(این این آئی) اٹلی میں 6.2 شدت کے زلزلے نے ملک کے وسطی علاقوں میں تباہی مچادی اور مختلف حادثات میں 38افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔امریکن جیولوجیکل سروے کے مطابق اٹلی کے وسطی علاقے میں آنے والے 6.2 شدت کے زلزلے کا مرکز جنوب مشرقی شہر پیروگیا سے 76 کلو میٹر دور تھا اور زمین میں اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اٹلی میں آنے والے زلزلے سے 38افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں ٗ متعدد دیہات بھی ملبے ڈھیر بن چکے ہیں۔اٹلی میں آنے والے زلزلے سے سب سے زیادہ وسطی پہاڑی علاقے متاثر ہوئے، اومبریا کے علاقے میں نورشیا کے قصبے میں کئی عمارتیں مبلے کا ڈھیر بن گئیں اور درجنوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ زلزلے کے بعد تودے گرنے سے متاثرہ کئی دیہات کا زمینی رابطہ شہروں سے منقطع ہو گیا جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اٹالین حکام نے زلزلے کو شدید نوعیت کا قرار دیتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی ہے، زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس کے جھٹکے 150 کلومیٹر دور دارالحکومت روم میں بھی محسوس کئے گئے۔