برلن(مانیٹرنگ ڈیسک) جرمن حکام نے ایک پاکستانی شخص کو ایران کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کر نے کا دعویٰ کیا ہے غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمنی کے فیڈرل پراسیکیوٹر نے بتایا کہ 31 سالہ سید مصطفی حسین کو ایران کے لیے جاسوسی کرنے پر شمالی شہر بریمن سے گرفتار کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مصطفی حسین جرمنی اور اسرائیل کے تعلقات کو بہتر بنانے والی سوسائٹی کے سابق سربراہ کی جاسوسی کر رہا تھا۔فیڈرل پراسیکیوٹر کے مطابق مصطفی ایران کے انٹیلی جنس یونٹ سے رابطے میں تھا اور اس نے اکتوبر میں جرمن اسرائیل سوسائٹی کے سابق سربراہ کی جاسوسی کرتے ہوئے ایران کو معلومات فراہم کی تھیں۔رپورٹس کے مطابق ملزم مصطفی کو عدالت کی جانب سے اْس وقت تک زیر حراست رکھنے کا عبوری حکم جاری کیا گیا ہے ٗ جب تک ایران کیلئے جاسوسی کے الزامات کے حوالے سے کہ ان پر باقاعدہ فرد جرم عائد نہیں کردی جاتی۔دوسری جانب جرمن اسرائیل سوسائٹی کے سابق سربراہ اور قانون ساز رائن ہولڈ روبے نے بتا یاکہ وہ جاسوسی کی اس خبر پر حیران نہیں ہوئے اور نہ ہی انہیں کسی قسم کا خوف ہے۔