لندن(این این آئی) تہران کی جانب سے رواں سال ایرانی حاجیوں کیلئے حج میں رکاوٹ پیدا کرنے کے الزام پر سعودی عرب نے ایرانی شہریوں کی سعودیہ آمد کیلئے ان کی شرائط کو ناقابل قبول قرار دیدیا۔سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اپنے برطانوی ہم منصب فلپ ہمود کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایرانی حج کے دوران مظاہروں سمیت دیگر چیزوں کے استحقاق کا مطالبہ کررہے ہیں، جس سے حج کے دوران بدامنی کا خدشہ ہے۔گذشتہ روز تہران نے کہا تھا کہ رواں سال ایرانی شہری حج نہیں کرسکیں گے اور ساتھ ہی ریاض نے کہا تھا کہ وہ اللہ کی جانب جانے والے راستے سے انھیں روک رہا ہے۔سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کے مطابق سعودی عرب ہر سال دنیا کے 70 ممالک سے حج یادداشتوں پر دستخط کرتا ہے جس کا مقصد حاجیوں کی سیکیورٹی اور تحفظ کی یقین دہانی کروانا ہے۔انھوں نے کہا کہ رواں سال کیلئے ایران نے مذکورہ یادداشت پر دستخط کرنے سے انکار کردیا اور ریاض پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات اور فضائی رابطہ منقطع ہونے کے باوجود وہ ایرانی حاجیوں کو سفری سہولیات فراہم کریں۔انھوں نے کہا کہ اگر یہ سب اقدامات اور طریقہ کار کے حوالے سے ہے، تو میں سمجھتا ہوں کہ ہم ان ذمہ داریوں کو ادا کرنے کیلئے اپنے فرائض سے زیادہ کررہے ہیں۔