نئی دہلی (این این آئی)بھارتی کی ریاست مدھیہ پردیش میں ضلع بڑوانی کے کلیکٹر اجے گنگوار کو فیس بک پر شاید نہرو اور گاندھی خاندان کی تعریف کرنا مہنگا پڑ گیا ہے۔ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے انہیں بڑوانی کے کلیکٹر کے عہدے سے ہٹا کر سیکرٹریٹ میں نائب سکریٹری مقرر کیا ہے۔اجے گنگوار نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لکھا تھاکہ ذرا وہ غلطیاں بتا دیجیے جو نہرو کو نہیں کرنی چاہیے تھیں اگر انہوں نے 1947 میں آپ کو ہندو طالبان قوم بننے سے روکا تو کیا یہ ان کی غلطی تھی انہوں نے آئی آئی ٹی ٗ اسرو ٗ آئی آئی ایس بی ٗ آئی آئی ایم، بھیل سٹیل پلانٹز، ڈیمز، تھرمل پاور پلانث لگوائے یہ ان غلطی تھی۔اجے گنگوار نے لکھا تھا کہ آسارام اور رام دیو جیسے انٹیلیکچولزکی جگہ سارا بھائی اور ہومی جہانگیر کو عزت اور کام کرنے کا موقع دیا یہ ان کی غلطی تھی انہوں نے ملک میں گاؤشالہ ( گائے رکھنے کی جگہ) اور مندر کی جگہ یونیورسٹیاں کھولیں یہ بھی ان کی بڑی غلطی تھی۔