شام میں ایک تہائی دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے، روس
ماسکو (اے پی پی) روس کی سیکورٹی ایجنسی کے ایک اعلی عہدیدار نے کہا ہے کہ شام میں ایک تہائی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔روس کی سیکورٹی ایجنسی کے نائب سربراہ یوگنی لوکیانوف نے کہا ہے کہ شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر روس کے فضائی حملوں کے آغاز سے اب تک النصرہ فرنٹ اور داعش کے28 ہزار دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتارا جا چکا ہے۔ پریس ٹی وی نے روس کی سیکورٹی ایجنسی کے نائب سربراہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ گذشتہ برس ستمبر کے مہینے سے شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر روسی فضائیہ کے حملوں اور شامی فوج کی کارروائیوں میں ایک تہائی سے زیادہ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روس نے اندازہ لگایا ہے کہ جب دہشت گردوں کے خلاف ماسکو کی کارروائیاں شروع کی گئی تھیں اس وقت جبہ النصرہ اور داعش کے 80 ہزار ارکان موجود تھے، جن میں سے 28 ہزار کو ہلاک کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی روس اور شام کی مشترکہ کارروائیوں کا نتیجہ ہے۔ روس کے مذکورہ عہدیدار نے کہا کہ داعش کے خلاف امریکا کی سرکردگی میں بننے والے نام نہاد اتحاد نے گذشتہ دو برسوں میں صرف 5 ہزار دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شام میں روس کی فوجی کارروائیوں کا مقصد سیاسی مذاکرات کے عمل کو آسان بنانا تھا۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ شام کا مسئلہ خود شامی گروہوں کے ذریعے ہی حل ہونا چاہئے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں