قائرہ (این این آئی) مصر کے میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بحیرہ روم میں حادثے کا شکار ہونیوالا مسافر طیارہ ریڈار سے غائب ہونے سے قبل نارمل حالت میں تھا اور پیرس سے اڑان بھرنے کے بعد طیارہ مسلسل الیکٹرانک پیغامات بھیجتا رہا تھا۔ مصری میڈیا کے مطابق روانگی سے قبل طیارے میں کوئی تکنیکی خرابی نہیں تھی۔ طیارے کے ٹیکنیکل لاگ کے مطابق طیارے کے ریڈار سے غائب ہونے کے 3منٹ بعد تک الیکٹرانک پیغامات آتے رہے تھے۔ طیارے سے ملنے والے پہلے 2 پیغامات کے مطابق انجن مکمل فعال تھے جبکہ اگلے پیغام میں معاون پائلٹ کی کھڑکی کے درجہ حرارت میں اضافے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ اس طرح پیرس سے روانگی کے بعد طیارے سے 11الیکٹرانک پیغامات بھیجے گئے تھے جن کے مطابق طیارہ نارمل حالت میں تھا۔