مکہ مکرمہ(این این آئی)مکہ کی مسجد الحرام کے امام شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید نے مقدس مقامات پر اپنے سیاسی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کرنے والے معتمرین کو خبردار کیا ہے کہ وہ دین کے پیروکاروں کے درمیان الجھن، فرقہ بندی اور بغاوت کے بیج بونے سے باز رہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق شیخ بن حمید کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کسی شخص یا تنظیم کو مقدس مقامات کی بے حرمتی کی اجازت اور حج وعمرہ کی سیکیورٹی میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانے کو تیار ہے اور سعودی قوم، اس کے شہریوں اور تارکین وطن کو درپیش کسی بھی خطرے سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کو تیار ہے۔شیخ بن حمید سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے سابق صدر بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کچھ افراد جھوٹ اور افواہوں کا سہارا لیتے ہوئے معتمرین کے درمیان افراتفری پھیلا کر بغاوت کرنا چاہتے ہیں۔شیخ بن حمید نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ ان افراد سے متنبہ رہیں اور کسی ایسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جو کہ اسلامی تعلیمات کے برعکس ہو۔