ڈھاکہ(آن لائن)سمندری طوفان ’روانو‘ نے بنگلہ دیش کے ساحلی علاقوں میں تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں پانچ لاکھ لوگوں کو بیگھر ہونا پڑا ہے، جب کہ 21 کی ہلاکت کی خبر ہے۔یہ سمندری طوفان ہفتے کی دوپہر ساحلی علاقے سے ٹکرایا جس سے سیلاب آیا، مٹی کے تودے گرے اور گھر زیرِ آب آ گئے۔طوفان کا زور اب ٹوٹ رہا ہے تاہم تیز بارش اب بھی جاری ہے۔بنگلہ دیش کے نشیبی علاقے سیلابوں کی زد میں رہتے ہیں اور وہاں اکثر اوقات طوفان آتے رہتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ طوفان روانو کے باعث پانچ لاکھ سے زائد لوگ گھر بار چھوڑ کر پناہ گاہوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔فرانسیسی خبرایجنسی کے مطابق مرنے والوں میں ایک ماں اور اس کی بیٹی شامل ہیں جو جنوبی چٹاگانگ ضلعے میں مٹی کا تودہ گرنے سے ہلاک ہو گئے۔اس ضلعے کو طوفان کی بھرپور شدت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔طوفان کی وجہ سے متعدد بندرگاہیں بند کرنا پڑی ہیں، ہوائی اڈوں پر پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور تاریں گر جانے سے ملک بھر میں بجلی کی ترسیل میں خلل پڑا ہے۔طوفان سے آنے والی تباہی کا صحیح اندازہ اتوار ہی کو لگایا جا سکے گا