قاہرہ(این این آئی)ایجپٹ ایئر کے تباہ ہو جانے والے مسافر طیارے کا بحیرہ روم میں ملبہ ملا ہے، جس میں انسانی جسم کے اعضا بھی شامل ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہفتہ کی صبح بھی مصری فوج کی جانب سے کہا گیا کہ مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ سے 290 کلومیٹر دور سمندر میں تباہ شدہ جہاز کا ملبہ ملا ہے۔ دریں اثنا یورپی اسپیس ایجنسی کی ایک سیٹلائٹ سے حاصل کردہ تصاویر میں سمندر کی سطح پر تیل کے آثار دیکھے جا سکتے ہیں۔ یہ جگہ اس مقام سے چالیس کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جہاں ایجپٹ ایئر کے گر کر تباہ ہو جانے والے مسافر طیارے سے آخری مرتبہ رابطہ ہوا تھا۔ پیرس سے قاہرہ کے لیے روانہ ہونے والے اس ایئر بس 320 میں عملے سمیت 66 افراد سوار تھے۔