ماسکو(این این آئی)روس کے وزیر دفاع سرگئی شویگو نے بتایا ہے کہ ان کے ملک نے امریکا اور اس کے زیرقیادت بین الاقوامی اتحاد کو تجویز دی ہے کہ شام میں فائربندی کی پاسداری نہ کرنے والی جماعتوں مثلا النصرہ محاذ اور دیگر تنظیموں کو 25 مئی سے مشترکہ فضائی حملوں کا نشانہ بنانے کا آغاز کیا جائے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روس کی وزارت دفاع میں ہونے والے اجلاس میں وزیردفاع شویگو نے بتایا کہ تجویز میں کہاگیا کہ ان فضائی حملوں میں ہتھیاروں کے قافلوں کو بھی نشانہ بنایا جائے جن میں ترکی سے شام آنے والے قافلے شامل ہیں۔ شویگو کا کہنا ہے کہ یہ تجویز شامی حکومت کے ساتھ کوآرڈی نیشن سے پیش کی گئی ہے اور اس کو اردن کے دارالحکومت عمان میں امریکی فوجی ماہرین کے ساتھ زیربحث لایا گیا ہے۔وزارت دفاع میں ہونے والے اجلاس کے دوران شویگو نے بتایا کہ روس شام میں فائربندی کی پاسداری نہ کرنے والے مسلح عناصر کو یک طرفہ طور پر بمباری کا نشانہ بنانے کا حق رکھتا ہے۔