انقرہ (این این آئی)اراکین کو مقدمات کے خلاف حاصل استثنی ختم کرنے کے لیے ترک پارلیمنٹ نے قانون منظورکرلیا،میڈیارپورٹس کے مطابق ترکی کی پارلیمان میں خفیہ ووٹنگ میں 550 رکنی ایوان میں سے 373 یعنی دو تہائی سے بھی زیادہ اراکین نے اس منصوبے کے حق میں ووٹ دیا۔ترک ارکان پارلیمان کو مقدمات اور قانونی کارروائی سے استثنیٰ حاصل ہے تاہم نئے قانون سے استغاثہ کو یہ حق مِل جائے گا کہ وہ ایسے اراکین پارلیمان کے خلاف تحقیقات کر سکے گا، جن پر اس وقت مقدمات قائم ہیں۔ موجودہ پارلیمان میں ایسے ارکان کی تعداد 138 ہے، جن میں سے اکٹھے پچاس کا تعلق کْرد نواز ایچ ڈی پی پارٹی سے ہے۔مختلف نیوز ایجنسیوں کی رپورٹوں کے مطابق اس قانونی بِل کے پیچھے صدر رجب طیب ایردوآن کی کوششیں کارفرما ہیں، جو ایچ ڈی پی نامی جماعت کو کالعدم کردستان ورکرز پارٹی ہی کا سیاسی بازو گردانتے ہیں۔ ایردوآن پْر زور انداز میں اس امر کی وکالت کر چکے ہیں کہ ان اراکینِ پارلیمان کو قانونی کارروائی سے حاصل استثنیٰ ختم کر دیا جانا چاہیے۔ جس آئینی ترمیم کے ذریعے اراکینِ پارلیمان کی خصوصی مراعات ختم کی گئی ہیں، وہ محض ایک مخصوص مدت تک کے لیے ہو گی۔