بڈاپسٹ (این این آئی)ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان کے چیف آف سٹاف نے کہاہے کہ امریکی صدر باراک اوباما اور امریکا یورپ کی جانب غیر قانونی ہجرت کی حمایت اس لیے کر رہے ہیں کیوں کہ وہ زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو یورپ میں آباد کرنا چاہتے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان کے چیف آف سٹاف یانوش لازار نے امریکا اور امریکی صدر پر الزام عائد کیا کہ وہ غیر قانونی تارکین وطن کی یورپ کی جانب ہجرت کی حمایت اس لیے کر رہے ہیں کیوں کہ ’وہ یورپ میں زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو آباد کرنا چاہتے ہیں۔یانوش لاراز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہنگری میں پیدا ہونے والے امریکی سرمایہ کار جارج سوروز صدر اوباما کی یورپ کے لیے ترتیب دی گئی مہاجرین سے متعلق پالیسی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔اس مبینہ سازش کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہنگری کے اس اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’کچھ امریکی گروہ‘ یورپ کو ’کمزور یا تحلیل کرنے کے درپے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ یوں یورپ امریکا کے ساتھ غیر مشروط تعاون کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔لازار کا کہنا تھا کہ سوروز ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے امریکا کی آئندہ صدر بننے کی خواہش مند ہیلری کلنٹن کی سرپرست بھی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا کی ڈیموکریٹک پارٹی ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان کے خلاف سرگرم ہے۔دوسری جانب ہنگری کے وزیراعظم وکٹور اوربان کا کہنا تھا کہ ہنگری میں سرگرم سماجی تنظیموں میں سے کئی پیسے لے کر غیر ملکیوں کے لیے کام کرتی ہیں۔