پیرس(آئی این پی)جرمن پولیس نے خبردار کیا ہے کہ فرانس میں ہونے والی یورپی فٹ بال کپ کے دوران دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق وفاقی جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ 12 جون کو فرانس اور رومانیہ کے مابین کھیلا جانے والا افتتاحی میچ دہشت گردوں کا ممکنہ ہدف ہو سکتا ہے۔ اس سلسلے میں مزید بتایا گیا کہ علامتی اور آسان اہداف کو نشانہ بنانے میں زیادہ اموات ہوتی ہیں اور ایسے واقعات ذرائع ابلاغ میں زیادہ جگہ پاتے ہیں۔ یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کے دوران فرانس میں دس ہزار سے زائد اہلکار ذمہ داریاں ادا کریں گے جبکہ دس مختلف اسٹیڈیمز میں ہونے والے ہر مقابلے کے موقع پر نو سو کا اضافی عملہ حفاظت پر مامور کیا جائے گا۔