کابل(آئی این پی)افغانستان میں سیلاب کے باعث 24 افراد ہلاک اور 10دیگر زخمی ہوگئے جبکہ 150سے زائد مکانات تباہ ہوگئے،سیکورٹی مسائل کے باعث متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں نہیں پہنچ سکیں۔جمعرات کو افغان میڈیاکے مطابق شمالی صوبہ سرائے پل میں حالیہ سیلاب کے باعث 24افراد ہلاک اور 10زخمی ہوگئے ۔صوبائی گورنر محمد ظاہر وہادت کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث 150سے زائد مکانات تباہ ہوگئے ہیں جبکہ سیکورٹی مسائل کے باعث تاحال ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں نہیں پہنچ سکی ہیں۔صوبائی گورنر نے عسکریت پسندوں سے اپیل کی ہے کہ امدادی کارکنوں کو لوگوں کی مدد سے نہ روکا جائے۔سیلاب صوبہ سرائے پل کے ضلع کوہستان میں شدید بارشوں کے بعد آیا ہے ۔سیلاب کے باعث سینکڑوں مکانات اورسینکڑوں ایکڑ اراضی تباہ ہوگی ہے ۔محمد ظاہر وہادت کا کہنا ہے کہ مقامی حکام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔متاثرہ علاقوں میں لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاپتہ افراد کی تلاش کا کام شروع کردیا ہے ۔دریں اثناء صحت کے حکام کا کہنا تھاکہ متاثرہ علاقوں میں آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور سیلاب کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔واضح رہے کہ ضلع کوہستان کے کئی علاقے طالبان عسکریت پسندوں کے کنٹرول میں ہیں جس کی وجہ سے سرچ اور ریسکیو آپریشن سست رفتاری کا شکار ہے ۔