واشنگٹن (این این آئی)امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کا کہنا ہے کہ بحیرہ جنوبی چین میں چین کے دو جیٹ طیاروں نے امریکی فوجی طیارے کوخطرناک طریقے سے انٹرسیپٹ کیا ہے۔پینٹاگون کے مطابق یہ واقعہ 17 مئی کو بین الاقوامی فضائی حدود میں اس وقت پیش آیا جب امریکی فوج کا جاسوس ھیارہ معمول کی پرواز پر تھا۔چین کی جانب سے بحیرہ جنوبی چین میں جزیروں کی تعداد بڑھانے پر امریکہ سمیت دیگر ممالک پریشان ہیں۔واشنگٹن کا خیال ہے کہ چین متنازع ملکیت والے علاقوں میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے عسکری طاقت میں اضافہ کر رہا ہے جبکہ چین کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے استحکام کے لیے ا±س کے اقدامات جائز ہیں۔امریکی فوجی ذرائع نے امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتایا کہ جیٹ طیاروں کے ساتھ ٹکر سے بچنے کے لیے جاسوس طیارے کے پائلٹ کو جہاز 200 فٹ نیچے لانا پڑا۔امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کو فوجی اور سفارتی سطح پر اٹھا رہے ہیں۔محکمہ دفاع کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک سال سے چین کے پائلٹ محفوظ اور پیشہ وارانہ طریقے سے جہاز اڑا رہے ہیں۔