روم(این این آئی)اطالوی جزیرے لامپیڈوسا پر گزشتہ روز مہاجرین نے بطور احتجاج تارکین وطن کو پناہ دینے کے ایک مرکز کو آگ لگا دی۔مقامی میڈیا کے مطابق میڈیا سے بات چیت میں لامپیڈوسا کے میئر نے بتایاکہ عمارت کو آگ لگانے والے چار افراد کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ نقصان کا اندازہ لگایا جانا ابھی باقی ہے۔ اس آگ کے نتیجے میں کوئی شخص زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔ جزیرے لامپیڈوسا پر قائم کیے گئے مراکز مہاجرین سے بھر چکے ہیں جبکہ مزید مہاجرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے مہاجرین اور حکام کے درمیان تناؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ رواں برس اب تک 31 ہزار مہاجرین کشتیوں کے ذریعے اس اطالوی جزیرے پر پہنچ چکے ہیں۔