برسلز(این این آئی)یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹْسک نے خبردار کیا ہے کہ اگر برطانیہ 28 رکنی یورپی یونین کو چھوڑتا ہے تو اس کا نتیجہ ’سیاسی افراتفری‘ کی صورت میں نکلے گا۔جرمن ریڈیو کے مطابق ٹْسک کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب برطانیہ میں یورپی یونین سے اخراج کے سوال پر ہونے والے عوامی ریفرنڈم میں پانچ ہفتے سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے۔ ٹْسک نے برطانوی سیاستدان بورِس جانسن کے اس بیان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’یورپی یونین یورپ کو متحد کرنے کی کوشش میں دراصل اڈولف ہٹلر کی پیروی‘ کر رہی ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق 23 جون کو ہونے والے ریفرنڈم کے سلسلے میں برطانوی عوام ابھی تک تقسیم کا شکار ہیں۔