سیول(آئی این پی)شمالی کوریا کی وجہ سے لاحق خطرات کے تناظر میں امریکا، جاپان اور جنوبی کوریا کی اولین مشترکہ فوجی مشقیں اگلے مہینے شروع ہوں گی۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق سیﺅل حکام کا کہنا ہے کہ ان مشترکہ فوجی مشقوں کے لیے کسی حتمی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا لیکن ان کے28 جون کے قریب شروع ہونے کا قوی امکان ہے۔ ان مشقوں میں تینوں ملکوں کے جنگی بحری جہاز بھی شامل ہوں گے۔ حکام کے مطابق یہ فوجی مشقیں سن 2014 میں ان تینوں ملکوں کے درمیان خفیہ معلومات کے تبادلے کے معاہدے کا تسلسل ہوں گی۔ دوطرفہ بنیادوں پر امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کا سلسلہ بھی کافی پرانا ہے، جن میں دونوں ملکوں کے قریب 80 ہزار فوجی شریک ہوتے ہیں۔