احمد آباد(آئی این پی)بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف)نے ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے،بی ایس ایف کا کہناہے کہ انٹرنیشنل بارڈر سے ایک پاکستانی لڑکے کی لاش ملی ہے،جسے پاکستان رینجرز نے لینے سے انکار کردیاہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بی ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ بارڈر سکیورٹی فورس کی ایک گشتی پارٹی نے چالیس سالہ پاکستانی شہری رحیم لاکھا خان کو گرفتارکیا ہے جو اپنے لاپتہ بڑے بھائی کی تلاش میں بھارتی علاقے میں داخل ہوگیا تھا،گرفتارشخص سے تفتیش جاری ہے۔بی ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی ستون نمبر1080کے قریب سے ایک پاکستانی لڑکے کی لاش ملی ہے جسکی عمر بارہ سے چودہ سال کے درمیان ہے،لڑکے نے کرتا اورپاجامہ پہن رکھا تھا اور اس کے منہ سے خون بہہ رہاتھا،بی ایس حکام کا دعوی ہے کہ انہوں نے پاکستانی رینجرز کے ساتھ فلیٹ میٹنگ کے ذریعے لڑکے کی لاش پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کے لئے رابطہ کیا،تاہم پاکستان رینجزر نے لاش لینے سے انکار کردیا۔