بغداد (نیوز ڈیسک) عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمالی نواحی علاقے میں کیے گئے ایک خود کش حملے میں کم از کم 11 ہلاک اور اکیس زخمی ہوئے ہیں۔ کار بم حملے کا نشانہ کوکنگ گیس فکٹری تھی۔ خود کش بمبار نے بارود سے لدی موٹو کار فیکٹری کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دی۔ بغداد کے شمالی نواحی علاقے تاجی میں یہ حملہ آج اتوار کی صبح میں کیا گیا۔ حملہ آور کے ہمراہ دوسری کار میں 6 مسلح افراد بھی تھے اور اْس کی جھڑپ فیکٹری کے محافظوں سے ہوئی۔ حکام کے مطابق فیکٹری کے تین گوداموں کو اِس حملے میں تباہ کر دیا گیا تھا۔ حالیہ ایام میں بغداد اور اْس کے نواحی علاقوں کو مسلسل حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔