ایڈنبرا (این این آئی)سکاٹ لینڈ کی پارلیمان میں دوسری بار منتخب ہونے والے پاکستانی نژاد رکن حمزہ یوسف نے کہا ہے کہ اردو میں حلف اس لیے لیا کہ پاکستانی مجھ پر فخر کریں۔بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ جتنے سکاٹش ہیں اتنے ہی پاکستانی بھی ہیں ٗمیرا اردو میں حلف لینے کا مقصد یہ تھا کہ میں اپنی جیت کو پاکستان کے نام کروں اور یہ کہ پاکستانی اس پر فخر کریں حمزہ یوسف کے مطابق وہ سکاٹ لینڈ میں پیدا ہوئے اور یہیں پلے بڑھے ۔انگریزی ان کی پہلی زبان ہے تاہم انھوں نے حلف دونوں زبانوں میں اس لیے لیا کیونکہ وہ اپنی ثقافت کو بھولنا نہیں چاہتے۔ حمزہ یوسف کا کہنا تھا کہ سکاٹش پارلیمنٹ میں آپ کسی بھی دو زبانوں میں حلف لے سکتے ہیں اور اسی لیے میں نے اردو زبان میں حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا کیونکہ اردو اور پاکستان میرے دل میں بستے ہیں اور میں پاکستان کی قومی زبان میں حلف لے کر اپنی جیت کو پاکستان کے نام کرنا چاہتا تھا۔انہوں نے کہاکہ اصل بات یہ ہے کہ سکاٹ لینڈ ایک بین الثقافتی ملک ہے اور ہم دوسرے مذاہب اور ثقافتوں کا بے حد احترام کرتے ہیں ٗصرف یہ دیکھیں کہ میرے اردو میں حلف اٹھانے پر کسی رکن پارلیمان نے کوئی اعتراض نہیں کیا بلکہ سب نے اسے سراہا ٗچاہے وہ سکاٹ لینڈ کی مقامی آبادی ہو یا سکاٹش پاکستانی ہوں، اکثریت کو میرا اردو میں حلف لینا اچھا لگا ہے اور جن کو اچھا نہیں لگا وہ چند ہی لوگ ہیں۔