لندن(نیوز ڈیسک) سکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ کیلئے دوسری بار منتخب ہونے والے پاکستانی نژاد رکن حمزہ یوسف نے رکن پارلیمان کا حلف اردو زبان میںلیا۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق حمزہ یوسف نے ایک انٹرویومیں بتایا کہ وہ جتنے سکاٹش ہیں اتنے ہی پاکستانی بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا اردو میں حلف لینے کا مقصد یہ تھا کہ میں اپنی کامیابی کو پاکستان کے نام کروں اور یہ کہ پاکستانی اس پر فخر کریں۔ سکاٹش نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے حمزہ یوسف دوسری بار گلاسگو سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں۔ وہ سکاٹ لینڈ کی گذشتہ حکومت میں یورپ اور انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ کے وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ انھیں سکاٹش کابینہ میں پہلے مسلمان وزیر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔حمزہ یوسف کے والد کا تعلق صوبہ پنجاب کے شہر میاں چنوں سے ہے۔انہوں نے کہا کہ سکاٹش پارلیمنٹ میں دو زبانوں میں حلف لے سکتے ہیں اور اسی لئے میں نے اردو زبان میں حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا کیونکہ اردو اور پاکستان میرے دل میں بستے ہیں اور میں پاکستان کی قومی زبان میں حلف لے کر اپنی جیت کو پاکستان کے نام کرنا چاہتا تھا۔