الریاض(این این آئی)سعودی عرب نے بے آباد اور غیر ترقی یافتہ اراضی پر سالانہ ٹیکس عاید کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سے سلسلے میں قانون سازی کر لی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہاؤسنگ کی وزارت نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ اس ٹیکس کی شرح افراد یا اداروں کے زیر قبضہ اراضی کی کل مالیت کے ڈھائی فی صد کے مساوی ہوگی۔امریکی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہری علاقوں میں غیرترقی یافتہ اراضی کے مالکان نے اس کو کئی برس سے خالی چھوڑا ہوا ہے۔ وہ ان کی قیمتیں بڑھنے کا انتظار کرتے رہے ہیں یا خالی پلاٹوں کی قیاس آرائی پر خرید وفروخت کر رہے ہیں۔اس کی وجہ سے سعودی عرب کے بڑے شہروں میں مکانوں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔اب ایسی خالی پڑی زمینوں پر ٹیکس سے تیل کی قیمتوں میں کمی سے متاثرہ قومی خزانے میں رقوم جمع ہوسکیں گی اور سعودی معیشت کو سنبھالا ملے گا۔