اسلام آباد (این این آئی)مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے دن قریب آگئے، امریکی جریدے کے انکشافات نے بھارت کی نیندیں اُڑادیں، امریکی جریدے نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت عوام کی حمایت کھورہاہے، مودی سرکار نے اپنی پالیسی میں منطقی تبدیلی نہیں لائی تو مقبوضہ وادی میں علیحدگی کی تحریک قابو سے باہر ہوجائیگی۔ امریکی جریدے فارن پالیسی نے ایک شائع مضمون میں کہا ہے کہ 1947ء سے بھارت کے ٹوٹنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 1980 سے 1990ء تک تشدد اور بھارتی فوج کی کارروائی عروج پر تھی، تاہم بعد میں مسئلہ کشمیر حل ہونے اور مقبوضہ وادی میں امن کی کچھ امیدیں پیدا ہوئی تھیں جس کے باعث تشدد کم ہوگیا تھا۔ جریدے میں کہا گیا ہے کہ اب ایک بار پھر بھارتی مظالم بڑھنے کے بعد مقبوضہ وادی میں امن کی امیدیں ماند پڑ رہی ہیں اور بھارت کشمیری عوام کی حمایت کھو رہاہے۔