نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں تیزی سے پروان چڑھتی ہوئی اسلام مخالف فضا اور مسلم کش اقدامات پر دیوبندی اور بریلوی مکاتب فکر مسلکی اختلافات بھلاکر متحد ہوگئے۔ دونوں مکتب فکر کے علمائے کرام نے مسلمانوں کے تحفظ کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے پر بھی غور شروع کردیا۔ذرائع کے مطابق دارلعلوم بریلی کے مہتمم مولانا توقیر رضا خان دارلعلوم دیوبند پہنچے جہاں انہوں نے دارلعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں علمائے کرام نے بھارت میں مسلمانوں کو درپیش سنگین صورتحال اور مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔مولانا توقیر رضا خان اور مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو اپنے تمام مسلکی اختلافات بھلاکر اتحاد و اتفاق کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ تاکہ مسلمان اپنے مسائل پر قابو پاسکیں۔دونوں علما نے واضح کیا کہ دیوبندی اور بریلوی مکتبہ فکر میں مذہبی اختلافات نہیں ہے، تاہم کچھ معاملات پر نکتہ نظر کا فرق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اس فرق کو بنیاد بناکر صورتحال کا فائدہ اٹھائے اور مسلمانوں کو نقصان پہنچائے۔