الریاض(این این آئی)سعودی عرب کے بن لادن گروپ نے کہا ہے کہ اس نے اپنے 10 ہزار ملازمین کو کئی ماہ کی تاخیری اجرتیں ادا کرنا شروع کر دی ہیں۔ اس گروپ نے حال ہی میں کئی ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔بن لادن کے چیف کمیونیکشنز آفیسر یاسین العطاس نے فرانسیسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے قریب 10 ہزار ملازمین کو تنخواہوں کو ادا کرنے کے لیے انتظامات کر لیے ہیں۔العطاس نے کہاکہ یہ انتظام سعودی عرب کی لیبر منسٹری کی ہم آہنگی کے ساتھ کیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جیسے ہی ہمیں اپنے گاہکوں سے رقوم ملنا شروع ہوں گی تو ہم بقیہ ملازمین کے لیے بھی ایسے ہی انتظامات کریں گے۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق گاہکوں سے مراد سعودی حکومت ہی ہے۔بن لادن گروپ کے چیف کمیونیکشنز آفیسر یاسین العطاس کے مطابق حکومت نے ان کی کمپنی سمیت دیگر کنسٹرکشن کمپنیوں کو رقوم کی ادائیگی کے وعدے کیے ہیں۔