واشنگٹن (این این آئی)امریکہ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز کے لیے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کی حمایت جاری رکھیں گے ٗپاکستان اوربھارت کے درمیان انسداد دہشت گردی کے لیے تعاون میں اضافہ اورپاک بھارت امن مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھتے دیکھناچاہتے ہیں۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکا کی جانب سے انسداد دہشت گردی اورمزاحمت پسندوں کی بیخ کنی کیلئےF۔16طیاروں کی فروخت کی پیشکش کی گئی تھی جس کی حمایت جاری رکھیں گے کیونکہ یہ پاکستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں میں کمی کا ذریعہ بن سکتے ہیں لیکنF۔16 طیاروں کی فروخت کیلئے کانگریس نے فارن ملٹری فنانسنگ فنڈزکے استعمال کومستردکیا ہے۔ پاکستان کو آگاہ کردیا ہے کہ طیاروں کی خریداری کیلئے اسے قومی فنڈ استعمال کرنا چاہیے تاہم پاکستان کی مدد کیلئے امریکہ کا لچک کا مظاہرہ برقرار رکھنا اہم ہے۔پاکستان میں بھارتی مداخلت اوررا کے ایجنٹ کی گرفتاری کے بارے میں کیے گئے سوال پرترجمان نے کہاکہ پاکستان اوربھارت کے درمیان انسداد دہشت گردی تعاون خطے کے لیے بے حد ضروری ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان دہشت گردی کی روک تھام کیلئے ایک سطح پر مذاکرات بھی چل رہے ہیں ۔ پاک بھارت امن مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھتے دیکھناچاہتے ہیں۔