واشنگٹن (نیوزڈیسک) امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ایک مبینہ ذہنی مریض نے لوکل مسافر بس ہائی جیک کرنے کے بعد اسے ایک پٹرول اسٹیشن کی طرف لے جاتے ہوئے راہ گیرکو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں راہ گیر ہلاک ہوگیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی پولیس نے کہاکہ ایک شخص نے بس میں سوار ہو کر گن پوائنٹ پر ڈرائیور کو اس کی سیٹ سے اٹھایا اور بس کا کنٹرول سنھبالنے کے بعد اسے قریب ہی واقع ایک پٹرول پمپ کی طرف لے گیا۔ پٹرول اسٹیشن کی جانب جاتے ہوئے اس نے ایک راہ گیر کو کچل ڈالا جو شدید زخمی ہوا تاہم بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس چیف کاتھی لانیر کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کے علاقے میں بس میں سوار ایک شخص نے ڈرائیور پر حملہ کر کے اسے اس کی سیٹ سے ہٹا دیا اور بس کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لینے کے بعد کوئی تین منٹ کی مسافت پر واقع ایک پٹرول اسٹیشن پر پہنچایا۔ لانیر نے بتایا کہ بس ہائی جیک کرنے والا شخص ذہنی طورپر حد درجہ مضطرب اور بے چین لگ لگ رہا ہے۔ اسے پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔ پولیس نے اس کی شناخت نہیں کی۔ زخمی بس ڈرائیور کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔ تاہم اس سارے ہنگامے میں بس میں موجود مسافر محفوظ رہے ہیں۔

























