بیجنگ (نیوز ڈیسک) چین کے صدر ژی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ، میں روس کے صدر پوٹن کے ساتھ تبادلہ خیال کا شدید خواہش مند ہوں تا کہ چین اور روس کے درمیان جامع حکمت عملی کے تحت تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے ۔ چینی صدر نے دونوں ملکوں کے درمیان دوستی اور تعاون کے معاہدے کی 15ویں سالگرہ اور شراکتی تعاون کی 20ویں سالگرہ کے موقع پر دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ دوستانہ تعلقات کو نسل در نسل منتقل کرنے کیلئے یہ کام کریں اور باہمی تعلقات کی سیاسی و سماجی بنیادوں کو ناقابل شکست بنادیں ۔ یہ بات چین کے صدر ژی جن پنگ نے روس کے وزیر خارجہ سر گئی لاروف کے ساتھ گذشتہ روز یہاں ملاقات کے دوران کہی ۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ باہمی اعتماد اور تعاون میں اضافے کیلئے ایک دوسرے کو رہنمائی فراہم کریں ،انہیں عالمی اور علاقائی مسائل پر اپنے درمیان تعاون اور رابطے کو آگے بڑھانا چاہئے اور ان مسائل کے سیاسی حل کیلئے کام کرنا چاہئے ،دونوں ممالک کو اپنے تعلقات شنگھائی تعاون تنظیم کے دائرہ کار میں آگے بڑھانے چاہئیں ۔روسی وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ روس چین کے ساتھ معاشی اور ثقافتی تعلقات اور عوام کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانا چاہتا ہے ۔