قاہرہ(نیوزڈیسک) مصر میں صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے دو جزائر سعودی عرب کے دائرہ اختیار دینے کے خلاف مظاہرین کو پولیس نے آنسو گیس اور ہوائی فائرنگ کی مدد سے منتشر کر دیا ہے۔مظاہرین جزائر سعودی عرب کو دینے پر صدر السیسی کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے تھے۔مظاہروں کے موقع پر دارالحکومت قاہرہ میں پولیس اور فوج کے اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات کی گئی تھی۔اطلاعات کے مطابق درجنوں افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں صحافی بھی شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو روکا جائے گا۔ قاہرہ کے ضلع ڈوکی میں سینکڑوں مظاہرین پابندی کے باوجود جمع ہوئے اور صدر السیسی کے خلاف نعرہ بازی کی۔مظاہرین نے’ چھوڑ دو، چھوڑ دو، روٹی، آزادی، جزائر مصر کے ہیں کے نعرے لگاتے رہے ٗ اس کے بعد بلوا پولیس نے انھیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور برڈ شاٹس( کم نقصان پہنچانے والی گولیاں) کا استعمال کیا۔حقوق انسانی کے ایک نمایاں گروپ کے مطابق صرف تین گھنٹوں میں 11 صحافیوں سمیت 133 افراد کو گرفتار کیا گیا۔مصر کے وزیر داخلہ مغدی عبدالغفار نے خبردار کیا تھا کہ سکیورٹی فورسز امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش سے پوری سختی سے نمٹے گی۔